Thursday, 14 March 2013

رحمۃ للعالمینؐ (جلداوّل) : قاضی محمد سلیمان سلمان منصور پوری

| |
برطانوی عہدِ غلامی میں بعض عیسائی مشنریوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر ہرزہ سرائی کی تو جان نثارانِ رسولؐ نے قرطاس و قلم کے ساتھ اس کا دفاع کیا، اس سلسلے میں قاضی محمدسلیمان سلمان منصوری پوری کی کتاب رحمۃ للعالمینؐ ایک معروف و مقبول کتاب ہے۔ ۱۹۱۲ء میں شائع ہونے والی اس کتاب میں سوانح اور واقعات کے ساتھ دوسرے مذاہب کے اعتراضات، صحفِ آسمانی کا موازنہ بالخصوص یہود و نصاریٰ کے دعاوی کا اِبطال، تورات و انجیل اور عیسائی مذہب کے نہایت اہم گوشے خصوصاً مناظرانہ پہلو پیش کیے گئے ہیں۔ عیسائی مستشرقین کے اعتراضات کا مسکت جواب بھی دیا گیا ہے۔ سیرتِ نبویؐ کے واقعات کے ماہ و سال کا تعین کرنے کے ساتھ جامع معلومات کے ساتھ ساتھ غزوات و سرایا اور شہدا کا تفصیلی تذکرہ بھی موجود ہے۔
رحمۃ للعالمینؐ کو کئی اداروں نے شائع کیا ہے مگر ایک مدت گزرنے کے بعد ضرورت محسوس ہو رہی تھی کہ اس عظیم علمی ورثے کو جدید تقاضوں کے پیش نظر ،نظرثانی کے بعد شائع کیا جائے تاکہ موجودہ دور میں بھی اس سے بآسانی استفادہ کیا جاسکے۔ ادارہ معارف اسلامی لاہور نے اس علمی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کتاب کودو جِلدوں میں مرتب و مدّون کیا ہے۔ تدوین کا کام ادارے کے علمی معاون جناب گل زادہ شیرپاؤ نے انجام دیا ہے۔ اس کی پہلی جِلد زیورِطباعت سے آراستہ ہوکر سامنے آئی ہے۔ اس بات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ تدوین نو کرتے ہوئے کتاب کے متن میں کوئی تبدیلی نہ ہو۔ عبارت میں جہاں تبدیلی کی ضرورت محسوس کی گئی اسے قلّابین میں درج کردیا گیا ہے۔ کتاب کے ابواب و فصول کی تقسیم نئے سرے سے کی گئی ہے اور حوالہ جات و حواشی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ احادیث کی تخریج اور تکمیل و تصحیح کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایک اہم پہلو یہ ہے کہ کتاب میں متن اور حوالہ جات کی بعض اغلاط کی تصحیح بھی کردی گئی ہے۔ اس طرح سے ایک اہم علمی ضرورت کو پورا کیا گیا ہے۔


 رحمۃ للعالمینؐ (جلداوّل)، مؤلف: قاضی محمد سلیمان سلمان منصور پوری، تدوین و تہذیب: مولانا عبدالوکیل علوی، مولانا گل زادہ شیرپاؤ۔ ناشر:ادارہ معارف اسلامی، منصورہ، ملتان روڈ، لاہور۔ فون:۳۵۴۳۲۴۷۶۔۰۴۲۔ صفحات: ۵۶۰۔ قیمت (مجلد): ۶۵۰ روپے۔