Monday 20 May 2013

القرآن کریم ؛ بحیثیت لازمی نصابی کتاب

| |
قرآن مجید کتاب ہدایت بھی ہے اور کتاب انقلاب بھی، قرآن کے ساتھ وابستگی اور تعلق دنیا و آخرت کی کامیابیوں، عروج اور سربلندی سے ہمکنار کرتا ہے۔ یہ ہر زمانے ہر نسل اور علاقے کے انسانوں کو راہ راست سے روشناس کرانے والی کتاب ہے۔ یہ وہ سچی کتاب ہے جو آج صدیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل محفوظ اور تحریف سے پاک ہے۔
نبی مہربانؐ کا فرمان ہے کہ ’’قرآن کا سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے۔ پہلی وحی کا آغاز ’’اقرا‘‘ سے ہوا ۔ قرآن کی تعلیم و تعلم کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے اور یہ قیامت تک جاری رہے گا۔
قرآن، عربوں میں نازل ہوا، مصر میں قرأت کی گئی اور برصغیر پاک و ہند میں اس کے سمجھنے کا حق ادا کیا گیا۔ قرآن کا ترجمہ، تفہیم و تفسیر ہر زمانے میں وقت کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر کی جاتی رہی اور یہ ہمیشہ سکولز اور مدارس کے نصاب میں شامل رہا۔ انگریز نے اپنے دور حکومت سے میں قرآن کو مسلمانوں کے نظام تعلیم سے خارج کرنے کی شعوری کوشش کی۔ لیکن وہ اس میں مکمل کامیاب نہیں ہو سکا۔ موجودہ زمانے میں بھی انگریز کے شاگرد، نوجوان نسل کو قرآن سے دور رکھنے اور قرآن کو نصاب سے خارج کرنے کے لیے اپنی سی کوششیں کرتے رہتے ہیں لیکن اس باوجود ساتھ دنیا بھر میں قرآن کا شغف، ذوق و شوق اور تعلق نہ صرف نوجوان نسل بلکہ بچوں، بزرگوں اور خواتین میں روز افزوں ہے۔
اس ذوق و شوق کو جلا دینے اور پروان چڑھانے والوں میں ایک نام انجینئر شیخ عرض محمد کا بھی ہے۔ جنہوں نے درجہ چہارم تا درجہ دہم تک کے لیے نصاب ترتیب دیا۔پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری نے اس کا انگریزی سے اردو میں نہایت شستہ، خوبصورت ، رواں اور آسان ترجمہ کیا ہے۔ تدریس قرآن کے ضمن میں یہ نہایت عمدہ کاوش ہے۔ درجہ چہارم سے دہم تک میں قرآن مجید اول تا آخر پڑھایا جاتا ہے۔ اسے سات حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک سال میں ایک حصہ پڑھایا جاتا ہے۔ ہر ہفتے ایک پارے کے لگ بھگ یا دیے گئے حصہ کا دسواں حصہ پڑھایا جائے گا۔ استاد اسی حصے میں سے سوالات کرے گا اور طلبہ اس کے جوابات دیں گے۔ اس طرح ایک سال میں 3سے 4پارے مکمل ہوں گے۔ گھر میں پڑھنے والے اپنی آسانی کے پیش نظر نصاب اور اوقاتِ کار میں ردوبدل کر سکتے ہیں جبکہ جانچ یا امتحان ہفتہ وار یا ماہانہ بنیادوں پر کی جائے۔چونکہ یہ نصاب درجہ چہارم سے بعد کا ہے جب قرآن پڑھانے کا آغاز ہو گا۔ اس سے قبل کیا پڑھایا جائے۔ اس بارے میں بھی رہنمائی دے دی گئی ہے۔ درجہ اول میں عربی قاعدہ کے ذریعے حروف تہجی کی پہچان، چند چھوٹی سورتیں یاد کرانا، کلمہ طیبہ کے معنی و مفہوم، اسلام کے بنیادی ارکان اور نمازوں کے نام اور دین اسلام کے بارے میں معلومات ازبرکرائی جائیں گی۔
درجہ دوم میں وضو کا طریقہ ، نمازوں کی ادائیگی، قرآن مجیدکے مطالعہ کی اہمیت، حضورؐ کی ذات گرامی اور مشن سے آگہی اور درجہ سوئم میں اسلام کے بنیادی عقائد، ایمانیات، ارکان اسلام بالخصوص نماز، اسلامی تہواروں ، حقوق العباد، حلال و حرام، قصہ حضرت آدمؑ ، اسلامی مہینے اور روزمرہ دعائیں سکھائی جائیں۔
درجہ چہارم سے اس نصاب کو شروع کروایا جائے تو بچوں کی قرآن کے ساتھ محبت بڑھے گی اور تعلق اور وابستگی میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ تدریس قرآن کا یہ سلسلہ ایک خوبصورت سلسلے کی کڑی ہے۔ سکولز، کالجز اور گھروں میں اس کے ذریعہ استفادہ دنیا و آخرت میں فوزو فلاح اور کامیابیوں کے دروازے کھول دے گا۔
طباعت و اشاعت کا معیار نہایت عمدہ اور لوازمہ اغلاط سے پاک ہے ۔ ہر سکول اور کالج کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو قرآن سے وابستہ کرنے کا اہم اور آسان نسخہ۔

نام کتاب: القرآن کریم ؛ بحیثیت لازمی نصابی کتاب
مرتب : شیخ عرض محمد
مترجم: پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری
صفحات: 139 
قیمت: 200 روپے
ناشر: اسلامی ریسرچ اکیڈمی ڈی ۳۵، بلاک۵، فیڈرل بی ایریا کراچی 75950

0 comments:

Post a Comment