Sunday 19 May 2013

میرا اقبال

| |
اقبال ہمارے قومی شاعرہیں۔ اپنے کلام سے امید اور روشنی کا درس دیتے ہیں۔ قرآن و سنت سے ماخوذ یہ کلام جذبوں کو جلا اور حرارت بخشتا ہے۔ اقبال کا کلام زندہ کلام ہے۔ اقبال صرف گزشتہ صدی کے نہیں۔ ہر صدی کے شاعر ہیں۔ وہ صرف ادب کے نہیں اسلام اور مسلمانوں کے محسن تھے اور مسلمان ان کے کلام سے جذبہ اور حوصلہ پاتے ہیں۔ اقبال کی شاعری مقصدی شاعری کی بہت اعلیٰ مثال ہے۔
میرا اقبال، پانچ کتابوں پر مشتمل آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو اقبال سے متعارف اور روشناس کرانے اور شاعری کا ذوق پیدا کرنے کا ایک خوبصورت سلسلہ ہے، جسے زبیرحسین شیخ نے تالیف کیا ہے۔ جبکہ جائزہ کمیٹی میں معروف اہل قلم، پروفیسر عنایت علی خان، پروفیسر آفاق احمد صدیقی، پروفیسر حسنین کاظمی، خرم علی شفیق اور دیگرز عما شامل ہیں۔ ہر حصے کے آغاز میں اقبال کا مختصر سوانحی خاکہ دیا گیا ہے جس میں اُن کی زندگی کے اہم اور نمایاں پہلو سامنے آ گئے ہیں۔ ان منظومات اور غزلوں کا انتخاب بچوں کی ذہنی سطح اور زبان کی استعداد کو سامنے رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔ پہلی، دوسری اور تیسری کتاب صرف منظومات پر مشتمل ہے۔ جس میں ہمدردی ایک پہاڑ اور گلہری، شہد کی مکھی، بچے کی دعا، ایک مکڑا اور مکھی، پرندے کی فریاد، جہاں تک ہو سکے نیکی کرو، ماں کا خواب، ترانہ ملی، ایک آروز اور چاند اور تارے جیسی نظمیں شامل ہیں۔ جبکہ چوتھی اور پانچویں کتاب منظومات اور غزلیات کے ساتھمنتخب مشہور اشعار بھی شامل ہیں۔ نظموں میں بلالؓ ، والدہ مرحو مہ کی یاد میں، ، جگنو، خطاب بہ جوانان اسلام، دُعا، جواب شکوہ اور کل تین غزلیں شامل کی گئی ہیں۔ نظموں کے ساتھ ان کا مختصراً پس منظر، تفہیم کے لیے بنیادی تصورات پر مبنی نکات اور جمالیاتی پہلو اور انسانی جذبات و احساسات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اسی طرح نظم کے اختتام پر سوالات دیے گئے ہیں جن کی مدد سے بچوں میں غوروفکر کا عنصر پروان چڑھتا ہے اور نظم کا مرکزی خیال اور دیگر مضامین تازہ ہو جاتے ہیں۔
بچوں کی تدریسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے نظم خوانی کا ذوق اور زبان کی مہارتیں اجاگر اور پختہ ہوتی ہیں۔ تصویری کام کے ذریعے مصوری کا شوق، جمالیاتی حس کی بیداری اور قوت تخلیق فروغ پاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شاعری کے سلسلے میں فنی معلومات، حیات اقبال کے دلچسپ اور سبق آموز پہلو اور واقعات کے ساتھ چند پراجیکٹس شامل ہیں جس کے ذریعے بچوں میں تحقیقی اور عملی کام کا جذبہ فروغ ہے۔ہر کتاب کے آخر میں نئے الفاظ، ان کا تلفظ اور معانی دیئے گئے ہیں جبکہ میری بیاض کے عنوان سے چند خالی صفحات بھی چھوڑ کر بچوں کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ اپنی تخلیقی قوتوں کو بھی آزمائیں اور اپنے حافظے سے بھی کام لیں۔
میرا اقبال بچوں میں نہ صرف کلام اقبال کا ذوق و شوق پروان چڑھانے کا ذریعہ ثابت ہو گی بلکہ ادبی ذوق کی تربیت اور جِلا کا ذریعہ بھی۔ بچوں میں اقبالیات کو روشناس کرانے کے سلسلے میں یہ ایک اہم اور عمدہ کاوش ہے۔ جس کے ذریعے سے بچوں میں ادبی ذوق پروان چڑھ سکے گا اور ان کی زبان و بیان میں پختگی اور مہارت پیدا ہو گی۔ اسکولوں کے اساتذہ اور طلباء کے لیے یکساں مفید اور رہنما کتاب، جو اقبالیات کے مطالعہ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی اور شائقین کلام اقبال بالخصوص بچوں کو اقبال کے ساتھ وابستہ کرنے کا کام دے گی۔ کتب دیدہ زیب سرورق ، عمدہ کاغذ، اغلاط سے پاک کمپوزنگ اور آنکھوں کو بھانے والی طباعت کے ساتھ نہایت معیاری پیش کش ہے۔


نام کتاب: میرا اقبال ؛ پانچ حصے

تالیف: زبیرحسین شیخ
ادارت: سلمان آصف صدیقی
کل صفحات: ۱۸۴
قیمت: درج نہیں
ناشر: ایجوکیشنل ریورس ڈویلپمنٹ سنٹر ۷۳۵۔اے، 
بلاک ایچ، شمالی ناظم آباد، کراچی، پاکستان
ٹیلی فون:021-6723454, 6051229
ویب: www.erdconline.org
ای میل: info@erdconline.org

0 comments:

Post a Comment