Saturday, 13 April 2013

مطالعہ اور امتحان کی تیاری

| |
مطالعہ اور امتحان کی تیاری ، بہت اہم اور دلچسپ موضوع ہے ۔مطالعہ کی اہمیت اپنی جگہ مگر ضروری نہیں ہوتا کہ ہر مطالعہ امتحان کے لئے ہو ،مگر جو مطالعہ امتحان کے لئے ہوگا وہ بہرحال اس نیت سے ہی ہوگا کہ امتحان دینا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کرنا ہے اس کے بعد قدرتی طور پریہ مطالعہ ذہن و دماغ سے محو ہو جائیگااور وقتی طور پر یادداشت میں محفوظ ہوگا اور جو صرف اپنے ذوق کی آبیاری کے لئے ہوگاوہ کم ہی بھلایا جا سکے گا وہ مطالعہ ہمیشہ یاد رہتا ہے۔
ہر طالب علم کو مطالعہ کے عمل سے بار بار گزرنا پڑتا ہے اور اس سے گزر کر ہی امتحان کا مرحلہ آتا ہے۔مطالعہ جتنا سائنٹیفک ،مربوط اور مؤثرطریق پر ہوگا اتنا ہی یادداشت میں محفوظ رہے گا اس کا محفوظ رہنا ہی امتحان میں کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
مطالعہ کیسے کیا جائے اور اسے حافظہ میں کیسے محفوظ رکھا جائے ’’شاہراہ زندگی پر کامیابی ‘‘کے مصنف محمد بشیر جمعہ نے نسل نو کے لئے اپنے طالب علمی کے دور اور بعد کے زمانے کے مضامین کے نوٹس اور انگریزی کتب اور مختلف رسائل و جرائد میں شائع شدہ اسی موضوع سے متعلق مواد کو یکجا کرکے اسے ترتیب دیا ہے۔اور ساتھ ساتھ ان کے ماخذات اور حوالے بھی دے دیے ہیں۔پیش نظر یہ تھا کہ نوجوان نسل میں مطالعہ کا ذوق پروان چڑھے ۔مطالعہ اس طرح ہو کہ وہ محفوظ ہوتا چلا جائے اور اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ ہو سکے۔مطالعہ اور امتحان کی تیاری جہاں ضرورت ہے وہاں ایک فن ہے ۔ امتحان میں کامیابی جہاں حافظے کی مرہون منت ہوتی ہے وہیں ذاتی ، فطری صلاحیتوں ،حالات و واقعات ، توجہ ،اعتماد اور معلومات کو بہتر اور مؤثرطریق پر پیش کرنا ہی کامیابی کی ضمانت بن جاتا ہے۔
دنیا کی زندگی امتحان ہے جو اس امتحان میں کامیاب ٹھیرا وہ دنیا میں کامیاب انسان کہلاتا ہے۔مگر جو دنیا و آخرت کی زندگی میں کامیاب ہوگا اصل کامیاب وہ ہے اور یہی کامیابی کا اصل معیار ہے۔یہ کتاب مطالعہ کے ذریعے کامیابی کے گُر سکھاتی ہے۔یہی گُر دنیاوی اور اخروی کامیابی کا ذریعہ ہیں۔
کتاب کے نو ابواب ہیں جن میں ہماری ذمہ داریاں ،مطالعہ کیا ،کیسے اور کب ؟ امتحانی نقطہ نظر سے مطالعہ ،سننے کی صلاحیت اور نوٹس بنانا، نظر ثانی ، تناؤ اور فکر کا مقابلہ امتحان میں ، امتحانی سوالات ،ٹسٹوں کی تیاری ،امتحان کا طریقہ اور پلان کیا ہو،شامل ہیں اور ان موضوعات پر تجربات کی روشنی میں سیر حاصل اور دلچسپ گفتگو کی گئی ہے۔جس سے ہر طالب علم کو امتحان کی تیاری بارے ایک جامع رہنمائی ملتی ہے ۔آخر میں دعائیں، اذکار ووظائف اوردس مختلف گوشواروں کی مدد سے رہنمائی کی گئی ہے۔اساتذہ اور طلبا کے لئے یکساں مفید اور بیش بہا کتاب،رنگین سرورق ، آفسٹ طباعت کے ساتھ پیش کش خوبصورت ہے۔

نام کتاب : مطالعہ اور امتحان کی تیاری تحریر و ترتیب : محمد بشیر جمعہ صفحات : 117
قیمت : درج نہیں 
ناشر : ٹائم مینیجمنٹ کلب ، دکان نمبرI 268فلور ، انٹرنیشنل سنٹر، بالمقابل زینب مارکیٹ 
266آر اے لائن عبداللہ ہارون روڈ صدر کراچی 75530 

0 comments:

Post a Comment