Thursday, 4 April 2013

معجزات سرور عالمؐ

| |

معجزہ انبیائے کرام کے ان افعال نبوت کو کہا جاتا ہے جو ان کی شانِ نبوت کے مظہر ہوتے ہیں، معجزہ وہ ہے جو غرقِ عادت ہو، معجزہ دراصل انبیا کا فعل ہوتا ہے جس کو انجام دینے سے دوسرے انسان عاجز ہوتے ہیں۔ خود انبیا بھی اس کو اپنی طاقت وصلاحیت سے انجام نہیں دیتے۔ یہ خالصتاً اللہ کی قدرت کا کرشمہ ہوتا ہے۔ قرآن مجید میں معجزہ کے بجائے آیت کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جس کے معنی بہت وسیع ہیں۔ کشتیِ نوحؑ ، ناقۂ صالحؐ، عصائے موسیؑ ٰ، عیسیؑ ٰ کا دست شفا اور حضرت ابراہیمؑ کا آگ سے زندہ نکلنا، شب وروز، بجلی کی چمک، انسان، ثوابت وسیار موسموں کا تغیر تبدل سب معجزات وآیات کے زمرے میںآتے ہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ قرآن مجید ہے۔ جو آج 14صدیاں گزرنے کے باجود بھی صحیح شکل میں موجود ہے۔ نبی مہرباں صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات پر عراق کے معروف عالم، محقق، مصنف، شاعروادیب اور مبلغِ دین ولید الاعظمی نے ایک کتاب ’’معجزات محمدیہ‘‘ کے نام سے ترتیب دی۔ جس نے عوام الناس میں خاص مقبولیت پائی۔ منتخب معجزات جامعیت اور حضورؐ سے والہانہ عشق ومحبت کی کیفیت نے اسے مقبول بنایا۔ ولید الاعظمی نے اسے حوالوں سے مزین کرکے یکجا کیا ہے۔ معجزات سرور عالم میں شق القمر، الاسراء والمعراج، ہجرت نبویؐ، سراقہ کا گھوڑا، رسول اللہ کی معیت، کھجور کے درخت کی آہ وبکا، یوم حنین، جنگ موتہ کے شہداء، ہاتھ کی روشنی، ثعلبہ پر افسوس، ثمامہ ایک قیدی، رسولؐ اللہ کی تلوار، کنکریوں کا تسبیح پڑھنا، حدیث حاتم اور ہرنی کا واقعہ جیسے چند ایک معجزات شامل ہیں۔ یہ سارے معجزات نہایت مستند، وقیع105 واقعاتِ سیرت اور احادیث کی کتب سے اخذ کیے ہیں۔ 
حافظ محمد ادریس صاحب نے اس کا آسان فہم، سہل، رواں اور شستہ ترجمہ عقیدت ومحبت کے جذبے سے کیا ہے۔ معجزات سرورعالمؐ کا مطالعہ دل ودماغ کو گداز اور آنکھوں کو غم ناک کرکے عجیب وغریب کیفیت سے سرشار کرتا ہے۔ ترجمے کی خوب صورتی نے ان واقعات کی اثر پذیری کو دوچند کردیا ہے۔ یہ عقیدت ومحبت حضورؐ ختمی مرتبت کے ساتھ مسلمان کا شیوہ ہے۔ معجزات سرور عالم دراصل وہ انوکھے، نرالے اور عجیب وغریب واقعات پر مبنی کتاب ہے جو محیرالعقول ہیں نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا یہ پہلو ان کے سچا نبی ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ یہ حالات وواقعات احادیث، سیرت نبویہ اور تاریخ کی کتب میں محفوظ ہیں۔ سید سلمان ندوی کی سیرت النبی (جلد سوم) اور قاضی سلیمان سلمان منصوپوری کی رحمۃ للعالمینؐ میں بھی نہایت عالمانہ انداز میں معجزات نبویہ پر لوازمہ موجود ہے۔
معجزات سرور عالم کو پہلے حرا پبلی کیشنز، مکتبہ احیائے دین منصورہ اور اب ادارہ معارف اسلامی نے طبع کیا ہے۔ ادارہ معارف اسلامی نے معجزات سرور عالم کو اس کے شایان شان خوب صورت ٹائٹل اور کمپیوٹر کمپوزنگ اور احتیاط سے کی گئی پروف خوانی کے ساتھ شائع کیا ہے۔ سیرت رسولؐ کا اس پہلو سے مطالعہ ایمان جلد تازگی اور اطمینان کا ذریعہ ہے۔ یہ اطمینان، ایمان کی مضبوطی کا اہم ذریعہ ہے۔


نام کتاب: معجزات سرور عالمؐ، تالیف: ولید الاعظمیؒ ، ترجمہ: حافظ محمد ادریس، صفحات:228، قیمت:225روپے، ناشر: ادارہ معارف اسلامی منصورہ، ملتان روڈ، لاہور54790۔ فون:042-5432476