Sunday, 19 May 2013

سکول اسمبلی ؛ چند اہم کتب کا تعارف

| |
چند لوگ ایک بحری جہاز میں سفر کر رہے تھے۔ کچھ لوگ نچلی منزل میں تھے اور کچھ بالائی منزل میں، نچلی منزل والوں کو جب پانی کی ضرورت ہوتی تو وہ بالائی منزل پر آتے اور اپنی ضرورت کے مطابق پانی لے جاتے۔ بار بار اوپر آنے جانے سے اوپر والے پریشان اور تنگ ہوتے ان کی اس پریشانی کا خیال کرکے نیچے والوں نے سوچا کہ ہماری وجہ سے اوپر والوں کو تکلیف ہوتی ہے کیوں نہ ہم نچلے حصے میں سوراخ کر کے اپنی ضروریات وہاں سے پوری کر لیا کریں۔ اس طرح اوپر والے تکلیف سے بھی بچ جائیں گے۔ اس تجویز پر دونوں مقامات پر اوپر نیچے غوروخوض ہوا۔ مختلف تجاویز سامنے آئیں۔ اس پر وہاں اوپر کی منزل پر موجود کسی دانا نے یہ مشورہ دیا کہ یہ درست ہے کہ سوراخ تو نچلے حصے میں کیا جائے گا مگر اس کے نتیجے میں پورا جہاز ڈوب جائے گا اور ہم میں سے کوئی بھی نہیں بچے گا۔ نچلی منزل والوں کو سمجھانا ہو گا کہ یہ تباہی کا سامان ہے اس سے باز رہیں۔ دنیا کی زندگی بھی اس بحری جہاز کی طرح ہے جہاں اچھے اور بھلے لوگ ہیں اور برے اور بدکار بھی،اگر اچھے بروں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں گے تو دنیا فساد کا گھر بن جائے گی۔ نیکوکاروں کو اچھائی اور بھلائی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور بروں کو برائی سے روکنا ہو گا۔ یہ خالص دینی تصور ہے اور اسی میں دین و دنیا کی بھلائی اور کامیابی ہے۔
یہ ایک مختصر مگر موثراور سبق آموز کہانی ہے، اسکول کی مارننگ اسمبلی میں سنی ہوئی یہ کہانی آج تک میرے لوح دماغ پر کنندہ ہے۔ مارننگ اسمبلی اس اعتبار سے بہت اہمیت کی حامل ہے کہ صبح صبح تازہ دم بچے سکول آتے ہیں تو ان کا پہلا کام مارننگ اسمبلی میں شرکت ہوتا ہے۔ مارننگ اسمبلی کا خوشگوار اثر سارا دن ہی نہیں ساری زندگی قائم رہتا ہے۔ ادارے اپنی ضرورت کے مطابق اسے ترتیب دیتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ یہ دینی، اخلاقی اور جسمانی تربیت ، نظم و ضبط، تعمیر سیرت، اعتماد سازی، معلومات میں اضافے کا بہترین اور عمدہ ذریعہ ہوتی ہے۔
موجودہ زمانے میں تعلیم کی وسعت پذیری اور ہم نصابی مشاغل میں سکول اسمبلی کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بالخصوص جب انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹی وی چینلز، انٹرنیٹ، موبائل نے دنیا کو گلوبل ویلیج (عالمی گاؤں) بنا دیا ہے اور معلومات کا ایک سمندر ہے جو رواں دواں ہے اور ہر انسان اس سے متاثر ہو رہا ہے۔ ایسے میں طلبا کی کردار سازی اور تربیت کے لیے مارننگ اسمبلی کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ سکول اسمبلی یا مارننگ اسمبلی کو کیسے ترتیب دیا جائے۔ اسے کیسے بہتر اور موثر بنایا جائے، اس ضمن میں مختلف اداروں نے اپنے اساتذہ کی تربیت و رہنمائی کے لیے کتب بھی ترتیب دی ہیں جن میں سے چند ایک کتب کا تعارف درج ذیل ہے:

۔ سکول اسمبلی پروگرام ریسورس مینول برائے اساتذہ
صفحات : 133
قیمت: 180 روپے 
مولفین: عامر شہزاد، مالک خان سیال
ناشر: غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ ،ثمن برگ جوہر ٹاؤن لاہور
ٹیلی فون:04235222702 ، www.get.org.pk
پنجاب بھر میں پھیلے 350 سکولز کے اس نیٹ ورک اور طلبا واساتذہ کی ضروریات کے پیش نظر ترتیب دی گئی یہ 11۔ ابواب پر مشتمل ایک معیاری کتاب ہے۔ جس میں تلاوت، نعت، حدیث، کلام اقبال، نظمیں، صباحی خطابات، نماز، کلمے، دعائیں، ورزشیں اور آخر میں طلبا کی جانچ کے لیے سوالات بھی دیے گئے ہیں۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے اپنی مدد آپ کے تحت نسل نو کی تربیت اور رہنمائی کے لیے معیاریطباعت اور ڈیزائننگ کے ساتھ ایک اچھی کتاب پیش کی ہے۔

۲۔ صبح گاہی تقریر ;اسکول میں صباحی اسمبلی کے لیے 
صفحات: 214
قیمت : 250 روپے
مولفین: عبدالکریم ڈوگر، عائشہ یاسمین
ناشر: مرکز تحقیق و ترقی تعلیم ;گرین کریسنٹ ٹرسٹ
5پیر علی گوہر روڈ عقب سندھ لیب، طارق روڈ  کراچی ٹیلی فون021-4312695  
www.gct.org.pk

توحید، مسائل نبوی، سنت ابراہیمی، خلفائے راشدین، صحابہ کرام، عشرہ مبشرہ، قرآن، اسلام، نماز، رمضان، آخرت، معاشرتی برائیاں، اللہ کی نعمتیں، مذاہب عالم، آداب زندگی، پڑوسیوں کے حقوق، استاد کا مقام، ماں باپ کا احترام، علم، وقت، صحت، غذا، تاریخ ساز شخصیات وغیرہ جیسے اہم اور 30بنیادی  موضوعات اور 180ذیلی موضوعات پر تعلیمی کیلنڈر کی روشنی میں ترتیب دیا گیا بھر پور لوازمہ ہے۔ جس میں عبادات، معاملات، اخلاقیات، معاشرت، طہارت، اہم ایام و واقعات سامنے لائے گئے ہیں۔ 180تدریسی دنوں میں تعطیلات اور امتحانات کے دن شامل نہیں کیے گئے ۔ اس کی زبان سہل اور سادہ ہے۔ طباعت عمدہ ، ٹائٹل خوبصورت اور جلد بندی مضبوط انداز میں کی گئی ہے۔ طلبا اور اساتذہ کے لیے یکساں مفید اور دلچسپی کی حامل ہے۔

۳۔صباحی خطابات 
مولف : محمد خان منہاس
صفحات: 170 
قیمت: درج نہیں
ناشر: الفوز اکیڈمی
بالمقابل گولڑہ پولیس اسٹیشن ، اسلام آباد
10۔ ابواب پر مشتمل ایمانیات، قرآن و حدیث، سیرت رسولؐ، حقوق العباد، اسلام اور مسلمان، اخلاقیات، تہوار، منتخب کلام اقبال، پاکستان، اقبال اور قائداعظم جیسے بنیادی موضوعات پر خوبصورت دلچسپ لوازمہ ہے، سادہ اور عام فہم زبان میں اچھے اور مفید مشوروں کے ساتھ گفتگو کی تیاری اور مارننگ اسمبلی کیمتن میں مدد اور رہنمائی دی گئی ہے۔ لوازمہ بھی خوب ہے اور اسے تعلیمی اسباق کے ساتھ بھی احسن انداز میں جوڑا گیا ہے اور مثالیں بھی انھی اسباق سے دی گئی ہیں جو طلبا کی دلچسپی کا باعث ہیں۔ اساتذہ کے لیے عمدہ گائیڈ بک ہے۔

۴۔ صباحی خطابات
مولف: محمد انور علوی
صفحات: 147 
قیمت: درج نہیں
ناشر: اسلامی نظامت تعلیم پاکستان
منصورہ ملتان روڈ، لاہور فون:042-35417011
محمد انور علوی سینئر ہیڈ ماسٹر ریٹائر ہوئے ہیں، تمام عمر درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ انہوں نے اپنے وسیع تجربے اور مطالعے کے ساتھ بچوں کی نفسیات کو مدنظر رکھتے ہوئے معیاری صباحی خطابات کا مواد پیش کیا ہے۔ 32موضوعات پر سکول اسمبلی کے لیے بہت آسان فہم زبان میں عقائد، ارکان اسلام، سیرت النبیؐ، حقوق اللہ و حقوق العباد، اخلاص، دعا، استغفاراور دل کے تاروں کو چھیڑنے اور دین کے بارے میں دلچسپی پیدا کرنے والا مواد فراہم کیا ہے۔تاہم ان تمام کتابوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسلامی نظامت تعلیم ایک عمدہ کتاب عنقریب منظر عام پر لا رہی ہے۔

0 comments:

Post a Comment