Wednesday, 30 October 2013

اخوان المسلمون : تزکیہ ادب ،شہادت

| |
امام حسن البنا بنیادی طور پر عملی انسان تھے،انہوں نے عالم عرب کی معروف تنظیم اخوان المسلمون کی بنیاد رکھی۔ اخوان المسلمون کا آغاز مساجد میں وعظ و تذکیر سے نوجوان نسل اور مرد و خواتین کو اپنا ہدف بنا کر کیااور انہیں اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کی جد و جہد کی۔اخوان المسلمون کی جد و جہد کا یہ پہلا مرحلہ تھا۔جو1933سے 1939تک کل سات سالوں پر محیط ہے ۔ا س میں اخوان نے سیاسی میدان میں اپنی جد و جہد کا آغاز کیا ،عوامی طاقت کا روپ دھارا اور زندگی کے تمام دائروں کو متاثر کیا۔1939سے 1945تک کا دور 6سالوں پر مشتمل رہا ۔جس میں اخوان شدید مشکلات و مصائب اور آزمائش سے دوچار رہے۔قید و بند کے مراحل طے کیے ۔اخوان کی جد و جہد کا تیسرا مرحلہ 1945سے 1948تک رہا۔جب اخوان اپنے پورے عروج پر پہنچ گئے۔ اخوان نے اس پورے عرصہ میں مصر میں معاشی اداروں کا جال پھیلادیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب انگریزوں کے انخلا کے مطالبے سے مصر کے در و دیوار گونج رہے تھے ۔اس زمانے میں اخوان نے فلسطین میں یہودیوں کے خلا ف جدو جہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اخوانی رضاکاروں نے شجاعت ، بہادری اور فداکاری کے جوہر دکھائے ، وزیر اعظم مصر نقراشی پاشا نے 1948 میں ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا۔اور اخوان المسلمون کو خلاف قانون قرار دے دیا گیا۔اخوان پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے اور مصر کی خفیہ پولیس نے قائد تحریک امام حسن البنا کو شہید کر دیا۔
کتاب کا نام بھی زبردست ہے اور مواد بھی بھرپور ہے۔یہ مضامین مختلف رسائل و جرائد کی زینت بنتے رہے جن میں ایشیا،ترجمان القرآن، زندگی رامپور،حیات نو لکھنو، زندگی نو دہلی شامل ہیں۔
کتاب کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس کا انتساب ترجمان القرآن کے نائب مدیر’’ مسلم سجاد ‘‘کے نام ہے ۔ عشق بلا خیز کا یہ قافلہ سخت جان مشکلات و مصائب کو انگیز کرتا، آگے بڑھتا رہااور آج مصر اس کی جھولی میں گرنے کو ہے 78برس کی یہ مسافت کیسے طے ہوئی اوریہ سفر کیسے طے ہوا ۔ڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی نے نہایت محنت ،عرق ریزی اور دل سوزی سے اسے رقم کیا ہے۔ جو آج کل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ 
’’اخوان المسلمون ،ادب ،تزکیہ، شہادت‘‘ میں اخوان المسلمون کی تاریخ ،جد و جہد کے مراحل اور مرشد عام امام حسن البناشہید سے موجودہ مرشد عام ڈاکٹر عبدالبدیع تک کے ادوار کے مطالعہ پر مشتمل ہے۔اخوان جس آزمائش ، پریشانی اور مشکلات سے گزرے ان سات ابواب میں ان کا احاطہ کیا گیا ہے۔یہ سات ابواب امام حسن البنا شہید سے ڈاکٹر محمد البدیع تک ، تصوف اور سیاست کا اجتماع ،تشدد سے گریز ،مزاحمت کی تلقین ہے ،ادب کی حلاوت بھی ایمان کی حرارت بھی ،دانشوروں اور ادیبوں کی کہکشاں ،شہادت گہِ الفت میں ،اس کی ادا دلفریب اس کی نگہ پاکبازجیسے اہم موضوعات پر مشتمل ہیں۔
اخوان کا دعوتی اور تحریکی سفر کیسے طے ہوا اس کے وابستگان نے کیسی جرات و پامردی کا مظاہرہ کیا ،کیسے کیسے ہیرے موتی لعل اس قافلہ سے وابستہ ہوئے ،ان میں سید قطب شہید ،عبدالقادر عودہ شہید،فتحی یکن ،سعید رمضان ،مصطفی محمد طحان ،محمد قطب ،زینب الغزالی، محمد الغزالی ،مصطفی سباعی ،عبدالبدیع صقر ،عبدالفتاح ،شیخ محمد محمود الصواف جیسے عبقری اور نابغہ روزگار ، علم و فضل کے کوہ گراں شامل ہیں۔اخوان کے قائدین اور کارکنان جس آزمائش سے گزرے اور جس ثابت قدمی اور استقلال کے ساتھ مصائب و مشکلات برداشت کیے وہ بہت اندوہناک اور دل ہلا دینے والا ہے ۔ اخوان المسلمون تزکیہ ادب شہادت اخوان کی جد و جہد دعوت وعزیمت کے ایمان افروز اور دلچسپ واقعات سے روشناس کراتی ہے ۔ کتاب کا مطالعہ جذب و کیف اور ایمان کو جلا بخشتا ہے ۔ہر باب کے آخر میں مستند حوالہ جات اور حواشی کا اہتمام ہے جبکہ اشاریہ نے اس کی افادیت اور بڑھا دی ہے ۔
ایسے میں جب 18دن کے زندگی بخش مظاہروں نے مصری آمر حسنی مبارک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیااور اخوان المسلمون عوام کے اعتماد کی ترجمان ٹھیری ۔ کتاب کا مطالعہ اسلامی تحریک کے کارکنان کے لئے اخوان کی تاریخ سے واقفیت، کام کا طریقہ کار جاننے اور زادِراہ فراہم کرنے تحقیق و جستجو سے وابستہ طلبا اوراساتذہ کے لئے نہایت اہم قیمتی اور جامع لوازمہ فراہم کرنے کا عمدہ ذریعہ ہے۔

نام کتاب : اخوان المسلمون : تزکیہ ادب ،شہادت مصنف : ڈاکٹر عبید اللہ فہد فلاحی 
ناشر : القلم پبلیکیشنز ٹرک یارڈبارہمولا ،کشمیر صفحات : 312مجلد مع گرد پوش 
قیمت : 250روپے ہندوستانی (بھارتی)

1 comments:

Nice Review,Imam Hassan ui banna aik azeem insan thy un ki jidojuhad b azeem the

Post a Comment