Saturday 8 August 2015

زنا کی سنگینی اور اس کے برے اثرات

| |
زنا گناہ کبیرہ میں سے ہے، یہ ایک ایسا فعل بد ہے جو انسان کے لیے دنیا و آخرت میں سوائے خسارے کے کچھ نہیں لاتا، کسی بھی معاشرے میں زنا کا عام ہونا، اس کی گراوٹ ، انحطاط اور زوال کا باعث ہے۔ یہ عمل بد جہاں فرد کی عزت و وقار کو تار تار کرتا ہے، وہیں پر معاشرے کی ٹوٹ پھوٹ کا باعث بنتا ہے۔ خاندان اور خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ میں اس فعل قبیح کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ 
یہ فعل بد میاں بیوی کے تعلق میں رخنہ اندازی ، توڑ پھوڑ اور آزاد جنسی خواہش کا سبب بنتا ہے۔ اور یہ جنسی خواہش کی تکمیل منع حمل (birth control)اور اسقاط حمل (Abortion)کا ذریعہ بن جاتا ہے، جس کے ساتھ مہلک امراض بالخصوص’’ ایڈز‘‘ فروغ پاتے ہیں۔ جبکہ جانی و مالی نقصان اس کے علاوہ ہوتا ہے۔ معاشرے میں ناجائز بچوں اور کنواری ماؤں کا سلسلہ دراز ہوتا چلا جاتا ہے۔ مغرب آج اس عفریت کے شکنجے اور نرغے میں ہے۔ اور مغربی معاشرہ اس فعل قبیح کے ثمرات و اثرات کی فصل خوب خوب کاٹ رہا ہے۔ 
اللہ نے انسان کے جنسی جذبے کی تسکین کو خاندان کی تشکیل سے جوڑا ہے اور اسے میاں بیوی میں محبت و الفت، قربانی و ایثار ، باہمی ادب و احترام ، حفظ مراتب کا ذریعہ بنایا اور گناہ کبیرہ اور فعل قبیح سے بچنے کا راستہ فراہم کیا۔ 
تمام مذاہب بالخصوص اسلام ، یہودیت، اور عیسائیت میں زنا بہت بڑا جرم ہے اورزنا میں ملوث اورمرتکب ہونے والوں کے لیے ان مذاہب میں سخت سزا تجویز کرکے ان افعال کی مکمل حوصلہ شکنی کی گئی ہے جو اس کا ذریعہ بنتے ہیں۔جن معاشروں میں زنا کو فرد کی آزادی کے نام پر قبول کیا گیا ہے۔ ان میں جنسی امراض کی بہتات عام ہے۔ خاندانی نظام کمزور اور شادی کا ادارہ متاثر ہوگیا ہے۔ شرح پیدائش کم ہونے کی وجہ سے اصل آبادی اقلیتوں کے مقابل خود اقلیت بن کر رہ گئی ہے۔
دین اسلام نے اس کو بڑا گنا قرار دیا ہے اور بڑی بے حیائی کا ذریعہ گردانا ہے ۔ سورۃ المومنون میں اہل ایمان کی اس صفت کا بیان ہے کہ وہ اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ حضور ؐ کا فرمان ہے تم د و جبڑوں کے درمیان والی چیز ’’زبان‘‘ اور دو ٹانگوں کے درمیان والی چیز’’ شرمگاہ‘‘ کی ضمانت دے دو میں تمہیں جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔ 
مولف نے نہایت جامع انداز میں’’ زنا کی سنگینی اور اس کے برے اثرات‘‘ کے اس موضوع کا حق ادا کیا ہے۔ کتاب کی ترتیب ، انداز و اسلوب اور پیش کش خوبصورت ہے۔ زنا کے موضوع پر قرآن و سنت اور فکر معاصر کی روشنی میں اچھا ، جامع،مفید اورمستند لوازمہ پیش کیا گیا ہے۔ کسی موضوع کے اثرات سے آگہی ، اس سے بچنے اور سد باب کا سبب بنتی ہے، مولف نے یہ لوازمہ جمع کرکے درا صل اس فعل بد سے نہ صرف معاشرے کو بچانے بلکہ آگہی کا وافر سامان فراہم کیا ہے۔ 

نام کتاب : زنا کی سنگینی اور اس کے برے اثرات 
مولف : ڈاکٹر فضل الہٰی 
صفحات : قیمت 400 روپے 
ناشر : النوادر اسلام آباد

0 comments:

Post a Comment