Thursday 30 July 2015

کلک اوتار اور حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم

| |
ہندومت کی کتب میں جس کلک اوتار یعنی آخری اوتار (آخری پیغمبرؐ)کا تذکرہ موجود ہے۔ وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐ بن عبداللہ ہیں۔ اس کتاب کے مصنف ایک ہندو برہمن پنڈت و ید پرکاش جوالہ آباد یونیورسٹی انڈیا سے وابستہ ہے ، وہ سنسکرت کے محقق اور سکالر ہیں۔ انہوں نے اپنی اس تحقیق کو ملک کے آٹھ معروف محققین پنڈتوں کے ساتھ سامنے پیش کیاجو اپنے اپنے شعبے میں مستندمانے جاتے ہیں۔ ان محققین نے اس کتاب کابغور مطالعہ کیا اور تحقیق سے یہ بات ثابت کی کہ کتاب کے تمام حوالہ جات درست اور مستند ہیں۔ 
ہندووں کی اہم مذہبی کتب میں ایک عظیم رہنما کا تذکرہ ملتاہے جسے کلک اوتار کانام دیا گیاہے۔ اس کلک اوتار سے مراد حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں جومکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے ،ہندو جہاں بھی ہوں ان کو کسی کلک اوتار کاانتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ فوری طور پر اسلام قبول کرلیناچاہیے ۔ اور آخری رسول ؐ کے نقش قدم پر چلنا چاہیے جو بہت پہلے اپنے مشن کی تکمیل کرکے اس دنیا سے تشریف لے گئے۔ اپنے اس دعوے کی تصدیق کے لیے پنڈت ویدپرکاش اپادھیائے نے ہندو مت کی کتاب ’’وید ‘‘ میں سے درج ذیل حوالے پیش کیے ہیں۔
’’وید ‘‘ میں ہے کہ کلک اوتاربھگوان کاآخری اوتار ہوگاجو پوری دنیا کو راستہ دکھائے گا۔ اس حوالے کے بعد وہ لکھتے ہیں ’’یہ صرف حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے معاملے میں درست ہوسکتاہے۔ ‘‘ ’’وید کے مطابق ‘‘ کلک اوتار ایک جزیرے میں پیداہوگا۔ اور یہ عرب کاعلاقہ ہے جسے جزیرۃ العرب کہاجاتاہے۔‘‘’’وید ‘‘ میں ہے کہ ’’کلک اوتار کے والد کانام ’’وشنوبھگت ‘‘ اور والد ہ کانام ’’سومائب ‘‘ ہوگا ۔۔۔‘‘ سنسکرت میں ’’وشنو ‘‘ اللہ کاہم معنی جبکہ بھگت غلام اور بندے کے معنوں میں استعمال ہوتاہے۔ وشنو بھگت کا مطلب ’’اللہ کابندہ ‘‘ یعنی عبداللہ ہے۔ اور سومائب کامطلب ’’امن ‘‘ ہے جو عربی میں ’آمنہ ‘ ہے ۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کانام عبداللہ اور والدہ کانام ’آمنہ ‘ ہے۔ وید کے مطابق ’’کلک اوتار زیتون ‘‘ اور کھجور کااستعمال کرے گا۔ ‘‘ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ان دونوں پھلوں کوبے حدپسند کرتے تھے۔ کلک ’’وید‘ ‘ کے مطابق ’اوتار ‘ اپنے قول میں سچا اور دیانتدار ہوگا۔ ‘‘۔۔۔حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کالقب صادق اور امین تھا۔ اپنے اور بیگانے آپ ؐ کی صداقت اورامانت کے قائل تھے۔’ ’وید‘‘میں ہے کہ ’ ’کلک اوتار ‘ ‘ اپنی سرزمین کے معزز خاندان میں سے ہوگا۔ ‘‘ یہ بات بھی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سچ ثابت ہوئی ہے۔ آپ کا تعلق عرب کے معزز قبیلے قریش سے تھا۔ جومکہ میں نہایت معزز سمجھا جاتاتھا۔ ’ ’وید‘ ‘ میں ہے کہ ’’بھگوان کلک اوتار کو اپنے خصوصی پیغامبر(قاصد) کے ذریعے ایک غار میں پڑھائے گا۔‘‘ یہ بھی درست ہے کہ حضرت محمد ﷺمکہ کی وہ واحد شخصیت تھے جن کو اللہ نے اپنے فرشتے حضرت جبریل ؑ امین کے ذریعے غار حرا میں تعلیم دینے کابندوبست کیا۔ غار حرا میں آپ ؐ پر پہلی وحی نازل ہوئی ہے۔ ’’وید‘ ‘ میں ہے کہ’’بھگوان کلک اوتار کی بہت مدد کرے گا اور اسے بہت قوت سے نوازے گا۔ ‘‘ جنگ بدر میں اللہ نے حضرت محمدؐ کی فرشتوں سے مدد فرمائی اور یہ وہ وقت تھا کہ مسلمان کل 313کی تعداد میں تھے جبکہ ان کے مقابل کفار کی تعداد ایک ہزار سے زائد، ہندومذہب کی مذہبی کتب کے مطابق ‘‘کلک اوتار گھڑ سواری ، تیر اندازی اور تلوار زنی میں طاق ہوگا۔ ‘‘ پنڈت ویدپرکاش لکھتے ہیں :’’گھوڑوں ،تلواروں اور تیروں کازمانہ بہت پہلے گزر چکاہے اب جنگوں میں ٹینک تو پ اور میزائل جیسے ہتھیار استعمال ہوتے ہیں۔ لہٰذا یہ عقلمندی نہیں ہے کہ ہم تلواروں ، تیروں اور برچھیوں سے مسلح کلک اوتار کاانتظار کرتے رہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندومت کی مقدس کتابوں میں جس کلک اوتار کے واضح اشارے ملتے ہیں وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ہیں۔ جوان تمام حربی فنون میں کامل اور طاق تھے۔ اور وہ 14صدیاں قبل دنیاسے تشریف لے گئے۔
یہ کتاب ایک ہندو پنڈت کی تحقیق کا شاہکار ہے، اس تحقیق کو نہ صرف آگے بڑھانے بلکہ اس کے نئے اور مزید پہلو سامنے لا کر داد تحقیق دینا وقت کااہم ترین تقاضا ہے۔ اس کتاب کے ذریعے ہندو کمیونٹی کو اسلام کاپیغام پہنچانا اور حضور ؐ کی شخصیت سے روشناس اور تعلیمات سے آگاہ کرکے ایک بڑی تعداد کو اسلام کی طرف راغب کیاجاسکتاہے۔ سعید روحیں اس تحقیق سے متاثر ہوئے بغیرنہ رہ سکیں گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان ہندوستان میں بالخصوص اور دنیا بھرمیں اس کتاب کے ذریعے اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات پہنچا سکتے ہیں اور ایک بڑی تعداد کو راہ راست دکھا سکتے ہیں اور انہیں اسلام کا علمبردار اورسپاہی بنا سکتے ہیں۔ پنڈت وید پرکاش نے ایک نئی جہت روشن کی ہے اس روشنی کو پھیلانا اور علم کے متلاشیوں تک پہنچانا وقت کااہم تقاضا ہے۔ 
سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشہ چینی اور تحقیق کرنے والے اس تحقیق سے بے نیاز نہیں ہوسکتے ۔یہ کتاب تحقیق کے لیے نہایت عمدہ اور قیمتی لوازمہ فراہم کرتی ہے۔

نام کتاب : کلک اوتار اور حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم(Mohammad (P.b.u.h)in the Hindu Scriptures)
تالیف : پنڈت ویدپرکاش اپاد ھیائے
صفحات : 42 
قیمت : درج نہیں
ناشر: اسلامک سنٹر فار دعوۃ، حیدرآباد،انڈیا

0 comments:

Post a Comment