Wednesday, 20 March 2013

دیار غیر میں اپنوں کے درمیان (سفر نامہ برطانیہ) حافظ محمد ادریس

| |
سفر کو ہر دورمیں وسیلۂ ظفر کہا گیا۔ گو سفر کرنے والا تسکین پائے یا نہ پائے، مگر کبھی اس سے انکار نہیں کیا گیا۔ قرآن مجید میں بھی ’’سیر وا فی الارض‘‘ کہہ کر اس جانب متوجہ کیا گیا کہ اللہ کی نشانیاں، عبرت و موعظت کی داستانیں، زمین میں جابجا بکھری ہوئی ہیں۔انسان ان کو دیکھے اور دوسروں کو بھی اس کیفیت سے سرشار کرے۔ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستگی اور خاندانی پس منظر کی وجہ سے جماعت اسلامی کے ساتھ وابستہ ہونے والے حافظ محمد ادریس تحریک اسلامی کے مرکزی ذمہ دار ہیں۔ دیگر مصروفیات کے باوجود لکھنا ان کا اوڑھنا بچھونا رہا۔ اس سے ایک لمحہ میں غافل نہیں رہے اور قلم و قرطاس سے سفر اور مہمات کے باوجود رشتہ نہیں ٹوٹنے دیا۔ تحریکی و ادبی حلقوں میں ان کی تحریریں دلچسپی کے ساتھ پڑھی جاتی ہیں۔ 
ان کے سفر نامے معلوماتی ہوتے ہیں۔ اس سے قبل ’’حضرت بلالؓ کے دیس میں‘‘ اور ’’نگری نگری پھرا مسافر‘‘ چھپ چکے ہیں۔ افسانے بھی خوب لکھتے ہیں۔ چار مجموعے چھپ کر منظر عام پر آچکے ہیں۔ سیرت رسول اور سیرت صحابہ و صحابیات پر ’’روشنی کے مینار‘‘، ’’’روشن قندیلیں‘‘ اور ’’رسول رحمتؐ تلواروں کے سائے میں‘‘ بہت مقبول کتب ہیں۔ شخصیات اور ہم عصر اکابر ان کے خاص موضوعات ہیں جن پر وقتاً فوقتاً ان کی تحریریں چھپتی رہتی ہیں۔ ’’عزیمت کے راہی‘‘ کی چوتھی جلد کا انتظار ہے۔ امید ہے جلد آ جائے گی۔ 
ان کا تازہ سفر نامہ’’ دیارِ غیر میں اپنوں کے درمیان‘‘ برطانیہ کا سفرنامہ ہے۔ یہ سفرنامہ کم روزنامچہ زیادہ ہے، جس میں ان کے عمیق مشاہدے کا عکس جابجا نظر آتا ہے۔ ان کی قوت مشاہدہ بلا کی ہے۔ جزئیات تک کو محفوظ کر دیا ہے۔ ان کا یہ سفر، دعو تی مقاصد کے لیے تھا، جس میں انھوں نے قرآن بھی سنایا، تراویح بھی پڑھائی، دروس بھی دیے عوامی اجتماعات میں خطاب اور میڈیا پر مذاکروں میں بھی شریک رہے اور سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اس ہمہ پہلو دورۂ برطانیہ میں انھوں نے نہایت مستعدی کے ساتھ سرگرمیاں جاری رکھیں اور اسی مستعدی کے ساتھ اسے قلمبند بھی کر دیا۔ پہلی مرتبہ برطانیہ جانے والوں کے لیے یہ سفرنامہ ایک ’’گائیڈ بک‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ تحریک کے حلقوں، افراد، شخصیات اور برطانوی معاشرے کی جھلک بھی ساتھ ساتھ نظر آتی ہے اور ایک واعی کا داعیانہ کردار بھی نمایاں نظر آتا ہے۔ دیدہ زیب ٹائٹل اور عمدہ گٹ اپ کے ساتھ پیش کش نہایت معیاری اور خوبصورت ہے۔ دلچسپ اتنی کہ مجھے جب تبصرہ لکھنے کے لیے کتاب دی گئی تو ایک محترم دوست نے مجھ سے پہلے پڑھنے کے لیے اسے قبضے میں کرلیا۔ طلبہ کے لیے بھی اس کتاب میں کافی مفید لوازمہ مل جاتا ہے۔