برطانوی عہد غلامی میں بعض عیسائی مشنریوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر ہرزہ سرائی کی تو جان نثارانِ رسولؐ نے قرطاس وقلم کی ساتھ اس کا دفاع کیا، اس سلسلے میں قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری کا نام اور ان کی کتاب رحمۃ للعالمین کا بڑا نام ہے جو ایک معروف ومقبول کتاب ہے۔ 1912ء میں شائع ہونے والی اس کتاب میں سوانح اور واقعات کے ساتھ دوسرے مذاہب کے اعتراضات، صحفِ آسمانی کا موازنہ بالخصوص یہود ونصاریٰ کے دعاوی کا ابطال، تورات وانجیل اور عیسائی مذہب کے نہایت اہم گوشے خصوصاً مناظرانہ پہلو سامنے رکھ کر عیسائی مستشرقین کے اعتراضات کا مسکت جواب بھی دیا گیا ہے۔
قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری سچے عاشق رسولؐ، با ضمیر اور متقی انسان تھے۔ ان کو تورات، انجیل پر مکمل عبور حاصل تھا۔ ان اسلوب نہایت دل کش ودل نشیں اور دلائل مضبوط ہیں۔ ان کا یہ کام اتنا عمدہ ہے کہ عوام میں بھی اس کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ یہ ان کے جذبۂ اخلاص اور قلم کا خیر ہے جو آج تک جاری ہے۔ انھوں نے فرض کے احساس کے ساتھ یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ سید سلیمان ندویؒ نے اس کی تقدیم لکھی جس میں مرحوم سے اپنے تعلق، للّٰہیت، تقویٰ اور رحمۃ للعالمین کی امتیازی پہلوؤں بالخصوص اسلام اور پیغمبر اسلام کی نمایاں اور امتیازی خصوصیات کا تذکرہ کیا ہے۔
رحمۃ للعالمین کو کئی اداروں نے شائع کیا ہے مگر ایک مدت گزرنے کے بعد ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ اس عظیم علمی ورثے کو جدید تقاضوں کے تحت، نظرثانی کے بعد شائع کیا جائے تاکہ موجودہ دور میں بھی اس سے بآسانی استفادہ کیا جاسکے۔ ادارہ معارف اسلامی لاہور نے اس علمی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کتاب کو دو جلدوں میں مرتب ومدون کیا ہے۔ تدوین کا کام ادارے کے علمی معاون جناب مولانا گل زادہ شیرپاؤ نے انجام دیا ہے۔ تدوین نو اغلاط سے پاک اور حسن صدری ومعنوی سے آراستہ ہے۔ اس کی پہلی اور دوسری جلد زیور طباعت سے آراستہ ہو کر سامنے آئی ہے۔ جلد اول میں 11 ابواب جب کہ جلد دوم میں 12 ابواب ہیں۔ جلد اول حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مکی ومدنی زندگی، فتح مکہ، بین الاقوامی پالیسی، خطبۂ حجۃ الوداع، وصال وتعلیمات نبوی، نسب واہل بیت، امہات المومنین اور غزوات وسرایا، جبکہ جلد دوم میں کیا قرآن دیگر کتب سماویہ سے ماخوذ ہے؟، افضلیت سید المرسلین، رحمۃ للعالمین، حب النبیؐ، تحقیق ماہ وسال سیرت النبی، خصائص النبیؐ، معجزات نبویہؐ، اسماء الرجال، اخلاقیات نبویؐ، خصائص القرآن، قرآن کی پیشین گوئیاں اور خصائص الاسلام پر مشتمل اور جامع معلومات سے مزین وآراستہ ہے۔
اس بات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ تدوین نو کرتے ہوئے کتاب کے متن میں کوئی تبدیلی نہ ہو۔ عبارت میں جہاں تبدیلی کی ضرورت محسوس کی گئی اسے قلابین میں درج کردیا گیا ہے۔ ترجمے اور اعراب کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ کتاب کے ابواب وفصول کی تقسیم نئے سرے سے کی گئی ہے اور حوالہ جات وحواشی ہر فصل کے آخر میں درج کیے گئے ہیں۔ احادیث کی تخریج اور تکمیل وتصحیح نہایت ہی احتیاط سے کی گئی ہے اس ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کتاب میں متن اور حوالہ جات کی بعض اغلاط کی تصحیح کردی گئی ہے اور جلد دوم کے آخر میں قصیدہ اور کتابیات کی مکمل فہرست دی گئی ہے۔ اس طرح سے وقت ایک اہم علمی ضرورت کو پورا کیا گیا ہے۔
مضبوط جلدی بندی، اغلاط سے پاک، پروف خوانی کے ساتھ کتاب کو نہایت اہتمام کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ سیرت رسولؐ کے خوشہ چینوں کے لیے نہایت ہی عمدہ لوازمہ اور تحقیق کاروں کے لیے حوالے کی معتبر کتاب ہے۔
نام کتاب: رحمۃ للعالمین، مولف: قاضی محمد سلیمان سلمان منصورپوری، تدوین وتہذیب: مولانا گل زادہ شیرپاؤ، صفحات جلد اول560 وجلد دوم652 ، قیمت جلد اول650/-روپے وجلد دوم800/- روپے ناشر: ادارہ معارف اسلامی منصورہ، ملتان روڈ، لاہور۔ فون:042-5432476
1 comments:
ماشااللہ، اللہ آپ کو جزا دے۔ آمین
Post a Comment