Wednesday 22 May 2013

کلام اقبال ؛ سکولوں کے لیے منتخب نصاب

| |
اسکولوں کے طلبا اور اساتذہ کرام کے لیے منتخب کردہ ’’کلام اقبال‘‘ شعبہ تحقیق اسلامی نظامت تعلیم پاکستان کی اہم کاوش ہے۔ یہ دراصل قومی شاعر حضرت علامہ محمد اقبالؒ سے نوجوان نسل کو نہ صرف مرحلہ وار متعارف کرانے بلکہ ان کے افکار، خیالات سے روشناس کرانے کی ایک خوبصورت اور دلچسپ سکیم کا حصہ ہے۔
پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ اس کی تربیت کیسے ہو؟ کون کون سے ذرائع اور خطوط پر ہو؟ اقبال کی شاعری دراصل نوجوان نسل کے خیالات و افکار، خوابوں کی آبیاری، ذہن سازی اور تربیت کے لیے قیمتی لوازمہ فراہم کرتی ہے۔ نئی نسل کو کلام اقبال سے آگاہی اور شناسائی وقت کا تقاضا اور اہم ضرورت ہے۔
کلام اقبال میں اقبال کی نظموں کا تعارف بھی شامل ہے اور مشکل الفاظ کے معانی بھی، اس میں اقبال کی صرف اردو نظمیں شامل کی گئی ہیں۔ یہ کتاب چار حصوں پر مشتمل ہے حصہ اول پرائمری جماعتوں کے طلبا کے لیے 16 نظمیں، حصہ دوم ایلیمنٹری جماعتوں کے طلبا کے لیے 19 نظمیں، حصہ سوم سیکنڈری و ہائر سیکنڈری جماعتوں کے لیے 17نظمیں شامل ہیں۔ جبکہ حصہ چہارم متفرق میں کلام اقبال کے لیے تدریسی سرگرمیاں اور اقبال کی مختلف حیثیتیں بحیثیت طالب علم، اقبال کے اساتذہ، اقبال بحیثیت معلم اور حیات و تصانیف اقبال پر مبنی ہے۔
اسلامی نظامت تعلیم نے اچھی محنت کے ساتھ اساتذہ کی رہنمائی اور طلبا کو افکار اقبال سے روشناس کرانے کی جانب قدم آگے بڑھائے ہیں۔ کتاب خوبصورت ٹائیٹل ، اغلاط سے پاک اور اساتذہ وطلبہ کے مطالعہ اور رہنمائی اور اقبال کی فکر سے آگاہ کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ اسے سکولوں کے نصاب میں لازماً شامل کیا جانا چاہیے۔ سکولز وکالجز کی لائبریری کے لیے نہایت اہم ہے۔

نام کتاب: کلام اقبال ؛ سکولوں کے لیے منتخب نصاب
تیار کردہ: شعبہ تحقیق، اسلامی نظامت تعلیم پاکستان، منصورہ ، لاہور۔
صفحات: ۱۷۶
قیمت: ۱۹۰ روپے
ناشر: منشورات ، منصورہ ملتان روڈ ، لاہور ۵۴۷۹۰
فون: 042-354253567-35434909

0 comments:

Post a Comment