Sunday, 27 October 2013

خطبات پاکستان ; مولانا سید جلال الدین

| |
خطبات پاکستان مولانا سید جلال الدین کے ان خطبات کا مجموعہ ہے جو اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے مختلف دینی، تحریکی اور علمی مجالس میں ارشاد فرمائے ۔ مولانا سید جلال الدین عمری جماعت اسلامی ہند کے امیر، معروف دینی سکالر اور جید عالم دین ہیں۔ ممتاز محقق ،خطیب اور صاحب طرز مصنف ہیں ۔قرآن و سنت اور جدید علوم و افکار ان کا خاص موضوع ہیں ، اسلوب کی انفرادیت ،موضوع کا تنوع ،منفرد طرز استدلال اور زبان و بیان کی شگفتگی ان کی تحریر کے نمایاں اوصاف ہیں۔
’’خطبات پاکستان ‘‘ ان کے دو اسفار پاکستان کی رودادوں اور اس دوران مختلف مجالس اور سیمیناروں میں ان کی تقاریر کا مجموعہ ہے۔ان خطبات میں ’’اسلام‘‘ کے حوالے سے جامع اور وسیع تر تناظر میں بات کی گئی ہے جس میں تحریک اسلامی ،اقامت دین اس کے علمی و عملی تقاضے ، احیائے اسلام کی مختلف تدابیر ، غلبہ اسلام کی جد وجہد اور اس کی جہتیں ،ذاتی اصلاح و تربیت ، ہندوستانی مسلمانوں کے حالات، مشکلات و مسائل ،اہم شخصیات کا تعارف ، پاکستان کے حالات ،دینی و تحریکی حلقوں کی سرگرمیاں اور جماعت اسلامی ہند کا تذکرہ شامل ہے۔ 
یہ دو سفر دو مختلف اوقات میں کیے گئے ،پہلا سفر ۲۰۰۵میں جبکہ دوسرا سفر ۲۰۱۲میں ہوا۔پہلے سفر کے دوران مولانا جلال الدین عمری اسلام آباد کے علاوہ لاہوراور کراچی گئے۔یہ سفر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی دعوت پر ہونے والے سیمینار میں شرکت کے لئے ہوااور دوسرے سفر کے دوران کراچی،حیدر آبادسندھ ، اسلام آباد اور لاہور میں تشریف لائے۔یہ دوسرا سفر جماعت اسلامی کراچی کے ادارہ نور حق کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی قرآنی نمائش کے منتظمین کی دعوت پر ہوا۔ پہلے سفر کی رودادمولانا نے خود تحریر کی جبکہ دوسرے سفر کی روداد ان کے معاون خصوصی ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے۔ خصوصی نشستوں کی روداد مولانا رضی الاسلام ندوی نے اپنے موبائل کے ذریعے ریکارڈ کی اور اسی گفتگو کو اس کتاب کا حصہ بنایا، تدوین کی اور تقریری انداز کو تحریر کے قالب میں ڈھالا ۔اس کو مولاناسید جلال الدین عمری نے بھی ایک نظر دیکھا اور اپنے قلم سے ضروری اصلاحات و ترمیمات کرکے اس کی وقعت کو دوچند کر دیا۔
اخبارات و رسائل میں دیے گئے مختلف انٹر ویوز بھی کتاب کاحصہ ہیں۔’’خطبات پاکستان‘‘ ایک صاحب دل بزرگ کے تجربات و مشاہدات کا نچوڑ ہے جس سے پاکستان اور ہندوستان میں اسلامی تحریک کا کام کرنے والوں کے لئے قیمتی نکات اور عمدہ لوازمہ فراہم ہو گیاہے۔
(عمران ظہور غازی) 

نام کتاب: خطبات پاکستان مؤلف : مولانا سید جلال الدین عمری 
ترتیب و تدوین : ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی صفحات : ۱۹۲ قیمت : ۱۰۰ روپے (ہندوستانی )
ناشر : مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، ڈی ۳۰۷، دعوت نگر ،ابوالفضل انکلیو ، جامعہ نگر ، نئی دہلی ۔ ۱۱۰۰۲۵
فون ۔ ۲۶۹۷۱۶۵۲، ۲۶۹۵۴۳۴۱ فیکس ۲۶۹۴۷۸۵۸

0 comments:

Post a Comment