Monday, 10 February 2014

Radiance Views Weekly

| |
ریڈی اینس ویکلی 1963ء سے دہلی سے باقاعدگی سے شائع ہونے والا ایک ممتاز، مؤقر اور وقیع جریدہ ہے جو بلاتخصیص مسلک و فرقہ، اسلام اور مسلمانان ہند کی ترجمانی کرتا ہے۔ ہندستان میں اسلام اور مسلمانوں کی ایک حقیقی مضبوط موثر اور توانا آواز ہے، جو گذشتہ نصف صدی سے بلند ہو رہی ہے۔ نصف صدی کا عرصہ کم نہیں ہوتا، ریڈی اینس نے اس نصف صدی کے عرصے میں ہندستان میں اٹھنے والے سیاسی و سماجی مسائل اور ایشوز کے بارے اسلام اور مسلمانوں کا نقطۂ نظر پیش کرنے میں کبھی مداہنت سے کام نہیں لیا، ہمیشہ قرآن و سنت کی روشنی میں مسائل کا حل پیش کیا۔ حق و سچ کی آواز بلند کی۔ ہندستانی مسلمان کس مدوجزر اور حالات سے گزرے، یہ اس کی روداد ہے۔ یہ روداد دلچسپ بھی ہے دلگداز اور لذیذ بھی۔ ریڈی اینس کا یہ سفر شروع ہوا تو حالات و فضا اور تھی اور آج حالات اور کیفیت کچھ اور ہے۔ آج تو میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کا دور دورہ ہے۔۔۔ حالات مواقف یا نامواقف جیسے بھی رہے، ریڈی اینس نے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت کے ساتھ ادا کیں۔ 50 سال کا یہ سنگ میل عزم و ہمت، حوصلے، استقامت اور ایثار کے ساتھ عبور کیا۔
آغاز میں فوکس مسلمانوں کے مسائل پر رہا، اور یہ مسلمانوں کی موثر آواز کے طور پر سامنے آیا۔ اسی طرح ابتداء میں زیادہ تر معلومات اور رپورٹس شائع ہوئیں جبکہ آج تجزیوں پر زیادہ زور ہوتا ہے جو اس کی پختگی کی علامت ہے۔ 
نصف صدی کے اس عرصے میں ریڈی اینس کے خصوصی نمبرز نے خاصی مقبولیت اور پذیرائی حاصل کی بالخصوص 50 نامی گرامی مسلمان شخصیت اور تنظیمات، میرٹھ کے فسادات، بابری مسجد اور حضور ختمی مرتبت پر نکالے گئے خصوصی نمبرز۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سرورق، ڈیزائننگ، لے آؤٹ، کاغذ اور لوازمہ بہتر سے بہتر ہوا، اور آج اپنی بہترین شکل میں شائع ہو رہا ہے۔ اس دوران کتنے ہی لکھنے والے بھی تیار ہوئے جو زندگی کے میدان ہائے کارزار میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
ہر صدی کے اپنے مسائل ہوتے ہیں آج کے مسائل اور ہیں اور گذشتہ صدی کے مسائل اور تھے۔ریڈی اینس موجودہ حالات میں مسلمانان ہند کی رہنمائی، مسائل اجاگر کرنے، صحیح لائحہ عمل پیش کرنے اور انگریزی خواں طبقے کے لیے عمدہ مواد فراہم کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ ریڈی اینس کا یہ سفر نیکی کا سفر ہے۔ 50 سال کے اختتام پر اس کے تمام کارکنان مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی محنت، جدوجہد اور سعی سے اسے اس مقام پر پہنچایا اور بنیاد کا پتھر بنے۔
200 صفحات پر مشتمل یہ اشاعت ریڈی اینس کے 50 سالہ سفر کی خوب صورت عکاسی ہے۔ یہ 50 سال کیسے گزرے اور یہ سفر کیسے طے ہوا، کیا کیا مشکلات و مسائل پیش آئے، اور ان مراحل سے کیسے عہدہ برا ہوا۔۔۔ اس کی بھرپور اور موثر عکاسی اس شمارے میں نظر آتی ہے۔ مستقل سلسلے، انٹرویو، ریڈی اینس سے وابستہ رہنے والوں کے تاثرات اور لگ بھگ 35-30 موضوعات، جن میں تقسیم برصغیر، ہندستانی معاشرہ اور ریاست، آزادی اظہار رائے، فرقہ وارانہ قوتیں، دہشت گردی، میڈیا، ہندستانی مسلمانوں کے حالات، مسلمان جماعتیں، بابری مسجد،تعلیم کی اہمیت، تقسیم کے بعد اردو زبان، ماحولیات، معیشت و معاشیات، اخلاقیات، مسئلہ کشمیر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، انسانی حقوق، خارجہ تعلقات، مسلم دنیا، ایرانی انقلاب، عرب بہار یا اسلامی بہار، مسئلہ فلسطین و اسرائیل، کرپشن، سمو کنگ، ایڈز، مسلم عائلی قوانین، ستی ڈاوری، خواتین بالخصوص کمزور طبقات کے ساتھ سماج کا رویہ اور اقلیتوں کے مسائل وغیرہ جیسے اہم موضوعات شامل ہیں جو ریڈی اینس نے اجاگر کیے۔
ان پچاس سالوں میں ریڈی اینس نے قومی میڈیا کے مقابل کمیونٹی میڈیا کا کردار ادا کیا۔۔۔ اور مسلم کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا۔ قومی میڈیا مسلمان کے مسائل نظر انداز کرتا رہا یا پھر منفی تاثر ابھارتارہا۔ ایسے میں ریڈی اینس ہندستان کے مسلمانوں کا Mouthpieec بنا رہا۔ 50 سال مکمل ہونے پر ریڈی اینس کی یہ گولڈن جوبلی اشاعت ایک جامع اور خوبصورت دستاویز ہے جس میں ہندستانی معاشرہ، ریاست اور مسلمانوں کے مسائل کا مکمل احاطہ کیا گیا ہے۔ ہندستان کی تاریخ اور ہندستان کے مسائل سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ ایک انمول تحفہ، اور معلومات و آگہی کا عمدہ ذریعہ ہے۔

ریڈی اینس ویوز ویکلی(گولڈن جوبلی نمبر)
(29 ستمبر تا 5 اکتوبر 2013ء، والیم نمبر 26)
صفحات: 220 ۔۔۔۔۔۔ قیمت: 100 بھارتی روپے
ناشر: اعجاز احمد اسلم پرنٹر و پبلشر، 307-D دعوت نگر، ابوالفضل انکلیو، اوکھلا، جامع نگر نئی دہلی 2025
ٹیلی فون: 091-11-26971423، ویب:www.radianceweekly.in، برقی پتا: radianceweekly@gmail.com

2 comments:

umda tafsera he aap ka

This comment has been removed by the author.

Post a Comment